ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مڈ ڈے میل کو آدھار کارڈ سے جوڑنے کی لازمیت کی مخالفت

مڈ ڈے میل کو آدھار کارڈ سے جوڑنے کی لازمیت کی مخالفت

Mon, 06 Mar 2017 23:50:07    S.O. News Service

جے پور،6؍مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا ) راجستھان کانگریس کمیٹی کے صدر سچن پائلٹ نے مڈ ڈے میل کو آدھار کارڈ سے جوڑنے کی لازمیت کو ملک کے بچوں کو غذائی قلت سے نجات دلانے کے عمل میں رکاوٹ قرار دیا ہے۔پائلٹ نے پیر کو ایک بیان جاری کرکے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 47کے مطابق یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ تمام شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بناکر ان کی صحت کو بہتر بنائیں، اسی مقصد کی تکمیل کے لیے کانگریس کی مرکزی حکومت نے 1995میں ہی مڈ ڈے میل اسکیم کو ملکی سطح کا پروگرام بنایا تھا جو آج دنیا کا سب سے بڑا اسکول فیڈنگ پروگرام بن گیا ہے، آج ملک کے 12کروڑ سے بھی زیادہ بچے مڈ ڈے میل سے اپنا ظہرانہ پاتے ہیں جو انہیں غذائی قلت سے نجات اور ان کی جسمانی و ذہنی نشوونما کو تقویت دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کے 28؍فروری 2017کے نوٹیفکیشن نے ملک کے کروڑوں بچوں کے کھانے کے حق پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔بی جے پی کی مرکزی حکومت کے سیاسی فیصلے کے مطابق،5سے 14سال کے بچوں سے توقع کی جا رہی ہے وہ اپنا آدھار کارڈ بنوائیں اور اسکول میں اسے پیش کریں ،جبکہ سپریم کورٹ نے آدھار کارڈ کو کسی بھی سرکاری اسکیم کے لیے لازمی نہیں مانا ہے اور مڈ ڈے میل کے لیے تو بالکل بھی نہیں۔پائلٹ نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے اس فرمان کی وجہ سے کروڑوں بچے روزانہ صحت مند کھانے سے محروم ہو جائیں گے، نہ تو یہ ملکی مفاد میں ہے اور نہ ہی بچوں کے مفاد میں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت جانتی ہے کہ 10کروڑ بچوں کے پاس آدھار کارڈ نہیں ہے اور یہ بچے ملک کے دور دراز کے علاقوں میں رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کا آدھار کارڈ بن بھی گیا تو دوردرازکے علاقوں میں انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے سبھی کاروائیوں کو پورا کرنا ناممکن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کا یہ فیصلہ ملک کے مستقبل کو کمزور کرنے اور غربت سے لڑنے کی پالیسی کے خلاف ہے۔


Share: